http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 27 February, 2007, 15:24 GMT 20:24 PST

مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

’شعیب،آصف کے بغیرکامیابی مشکل‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق نے تسلیم کیا ہے کہ اگر شعیب اختر اور محمد آصف ٹیم کے ساتھ نہ جا سکے تو ٹیم کے جیتنے کے امکانات کم ہو جائیں گے۔

عالمی کپ کے لیے لگائے گئے کیمپ کے خاتمے پرانضمام نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جب ٹیم اپنی پوری قوت سے میدان میں اترتی ہے تو اس کے جیتنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں اور یہ دونوں ہمارے سٹرائک بالر ہیں، وکٹیں لیتے ہیں اور میچ کا نقشہ بدل دیتے ہیں۔اگر یہ نہیں کھیلیں گے تو یقیناً چانسز کم ہو جائیں گے۔

کیا یکم مارچ کوپاکستان کی ٹیم ان دونوں بالرز کے بغیر تیرہ کھلاڑیوں کے ساتھ ویسٹ انڈیز روانہ ہو گی یا پندرہ کھلاڑی جائیں گے اس سوال کے جواب میں انضمام نے کہا کہ ٹیم نے راستے میں انگلینڈ رکنا ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ دونوں بالرز ٹیم کے ساتھ ہی جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دونوں فٹ ہیں صرف ڈاکٹرز نے یہ طے کرنا ہے کہ یہ سو فیصد کھیلنے کے قابل ہیں یا نہیں تاکہ عالمی کپ کے دوران انہیں کوئی تکلیف نہ ہو جائے۔

انضمام کے مطابق ایک روزہ کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کو کمزور حریف نہیں سمجھا جا سکتا البتہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ ایسی ٹیمیں ہیں جو کسی بھی ٹیم کو مشکل میں ڈال سکتی ہیں ان کے خلاف محتاط ہو کر کھیلنا ہو گا۔

پاکستان کی ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز میں کھیلنے کے حالات اور وکٹیں ایشین ممالک کی طرح ہیں اس لیے ایشین ٹیموں کو اس کا فائدہ ہو گا۔

انضمام الحق نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی کا تعلق فٹنس سے ہے اور فٹنس کے لیے تین چیزیں ضروری ہیں ٹریننگ، ڈائٹ اور آرام۔ اگر ایک چیز بھی نہ مل سکے تو کھلاڑی مکمل فٹ نہیں رہ سکتا اور آج کل کرکٹ اتنی زیادہ ہو چکی ہے کہ کھلاڑیوں کو آرام کا وقت ہی نہیں ملتا یہی وجہ ہے کہ آسٹریلیا ، جنوبی افریقہ اور دوسرے کرکٹ کھیلنےوالے ممالک کے زخمی کھلاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔