Sunday, 25 February, 2007, 11:42 GMT 16:42 PST
انڈیا کے لیگ سپنر انیل کمبلے نے عالمی کپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا ہر حال میں آخری عالمی کپ ہوگا۔
چھتیس سالہ کمبلے دو سو ستر میچوں میں تین سو چونتیس وکٹوں کے ساتھ ایک روزہ میچوں میں انڈیا کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی ہیں۔ وہ عالمی سطح پر وکٹوں کے اعتبار سے چوتھے نمبر پر ہیں۔
انیل کمبلے نے انڈیا کے ایک ٹیلی ویژن چینل پر انٹرویو میں کہا کہ ’میرے خیال میں یہ انتہائی دلچسپ عالمی کپ ہوگا اور شاید یہ میری آخری بین الاقوامی ایک روزہ سیریز ہو‘۔
انیل کمبلے نے ٹیسٹ میچوں میں پانچ سو سنتالیس وکٹیں حاصل کی ہیں لیکن انہیں سن دو ہزار تین کے عالمی کپ میں زیادہ تر نظر انداز کیا گیا تھا۔
لیکن اب انڈیا کے سیلیکٹر ہربھجن سنگھ اور انیل کمبلے دونوں کو ٹیم میں شامل کرتے رہے ہیں اور ماہرین کے خیال میں ان دونوں سپنروں کو اس سال کے عالمی کپ میں کامیابی حاصل ہو گی۔
کمبلے نے کہا کہ سن دو ہزار تین میں عالمی کپ میں انڈیا نے اچھی کارکردگی دکھائی دی تھی۔ انہوں نے امید ظاہر کی وہ اس بار اہم کردار ادا کر پائیں گے۔