Tuesday, 20 February, 2007, 11:37 GMT 16:37 PST
ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے زخمی کھلاڑیوں کی فہرست میں میتھیو ہیڈن کے نام کا اضافہ ہوگیا ہے۔
ہیڈن نیوزی لینڈ کے خلاف چیپل۔ہیڈلی سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں اپنا پیر کا انگوٹھا تڑوا بیٹھے اور اب ان کی عالمی کپ کے ابتدائی میچوں میں شرکت مشکوک ہے۔
ہیملٹن میں کھیلے گئے اس میچ میں اگرچہ آسٹریلیا کی ٹیم فتح یاب تو نہ ہو سکی لیکن میتھیو ہیڈن ایک سو اکیاسی رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آسٹریلیا کے لیے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے۔
اس اننگز کے دوران ہی نیوزی لینڈ کے بالر مارک گلسپی کی ایک یارکر ان کے سیدھے پاؤں پر لگی جس سے ان کا انگوٹھا ٹوٹ گیا۔ آسٹریلین ٹیم کے فزیو ایلکس کونٹارس کا کہنا ہے’ میتھیو بدھ کو برسبن میں ایک سپیشلسٹ سے ملاقات کریں گے اور اس کے بعد ہی ان کی حالت کے بارے میں واضح ہو سکے گا۔
اپنی چوٹ پر میتھیو ہیڈن کا کہنا تھا کہ’ آج کا دن برا رہا۔ میں بہت مایوس ہوا ہوں۔ لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ ابھی ہمارے پاس کچھ وقت ہے اور ہڈی جڑنے میں صرف وقت ہی لگتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ’جب گیند میرے پاؤں پر لگی تو مجھے اسی وقت پتہ چل گیا کہ میرا انگوٹھا ٹوٹ گیا ہے کیونکہ میں اس پر بالکل وزن نہیں ڈال پا رہا تھا‘۔
آسٹریلوی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ چودہ مارچ کو کھیلے گی اور اسے امید ہے کہ عالمی کپ کے آغاز سے قبل اُس کے زخمی کھلاڑی ہیڈن، بریٹ لی اور سمنڈز صحت یاب ہو جائیں گے۔
یاد رہے کہ بریٹ لی کو چند دن قبل ٹریننگ کے دوران ٹخنے پر چوٹ لگی تھی جبکہ سمنڈز کامن ویلتھ بینک سیریز کے ایک میچ کے دوران زخمی ہوگئے تھے۔