Wednesday, 07 February, 2007, 11:29 GMT 16:29 PST
پی سی بی کی جانب سے اس ماہ کروائے جانے والے ڈوپ ٹیسٹ کے بعد عالمی کپ کے لیے پاکستانی سکواڈ میں شامل کسی کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت نکلا تو پاکستان کو اس کے متبادل کھلاڑی کا نام بھیجنے کی اجازت ہوگی۔
پی سی بی کی جانب سے دورۂ جنوبی افریقہ کے بعد ورلڈ کپ کے لیے ممکنہ تیس کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان میں سے ورلڈ کپ کے لیے منتخب ہونے والے پندرہ رکنی حتمی سکواڈ کے کسی رکن کا ڈوپ ٹیسٹ اگر مثبت نکلا تو اسے ٹیم سے نکال دیا جائے گا۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز سلیم الطاف کا کہنا ہے کہ’ آئی سی سی سے اس معاملے پر ہماری بات ہوئی ہے اور متبادل کھلاڑیوں کی اجازت عالمی کرکٹ کپ میں شریک اقوام کے معاہدے کے تحت ’خصوصی حالات‘ کی وجہ سے ملے گی‘۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس حوالے سے کسی قسم کی مشکلات کا شکار نہیں ہونا چاہتا۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پی سی بی کو ممنوعہ ادویات کا استعمال ثابت ہونے کے بعد فاسٹ بالروں محمد آصف اور شعیب اختر کو تبدیل کرنے کی اجازت بھی دی گئی تھی۔
محمد آصف اور شعیب اختر پر ممنوعہ ادویات کے استعمال کی بنا پر بالترتیب ایک اور دو برس کی پابندی بھی لگائی گئی تھی جسے بعد ازاں اپیل ٹریبیونل نے ختم کر دیا تھا۔ بین الاقوامی انٹی ڈوپنگ ایجنسی’واڈا‘ نے اس فیصلے کے خلاف کھیلوں کی عالمی ثالثی عادلت میں اپیل بھی دائر کر رکھی ہے۔