Tuesday, 06 February, 2007, 15:25 GMT 20:25 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کو جنوبی افریقہ بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے اور تازہ ترین پیش رفت میں تیز بولر راؤ افتخار بدھ کو جنوبی افریقہ روانہ ہوں گے۔
راؤ افتخار سے قبل شعیب اختر، شبیراحمد اور اظہرمحمود کو جنوبی افریقہ بھیجا گیا جن میں سے شعیب اختر اور شبیراحمد ان فٹ ہوکر وطن واپس بھی آ چکے ہیں۔
راؤ افتخار کو تین روز قبل جنوبی افریقہ بھیجنے کا اشارہ ملا تھا لیکن اچانک انہیں روک کر آل راؤنڈر اظہرمحمود کو روانہ کر دیا گیا تھا جنہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ کی اپنی کارکردگی کے بارے میں کوچ باب وولمر کو ای میل کی تھی۔ تاہم اظہرمحمود کی روانگی کے بعد اب راؤ افتخار کو بھی جنوبی افریقہ بھیجا جارہا ہے۔
راؤ افتخار بدھ کو روانہ ہوں گے۔ اس روز پاکستانی ٹیم تیسرا ون ڈے میچ کھیل رہی ہوگی جس کا مطلب یہ ہوگا کہ وہ تین میچوں کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
26 سالہ راؤ افتخار نے پاکستان کی طرف سے 25 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 19 وکٹیں حاصل کی ہیں وہ ایک ٹیسٹ بھی کھیلے ہیں جس میں انہیں کوئی وکٹ نہیں ملی ہے۔