http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 27 January, 2007, 11:44 GMT 16:44 PST

آسٹریلین اوپن میں سرینا ولیمز فاتح

امریکی کھلاڑی سرینا ولیمز نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں روسی کھلاڑی ماریا شراپوا کو ایک یک طرفہ مقابلے میں شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔

ولیمز نے رفتار اور طاقت کے ایک بھرپور مظاہرے کے ذریعے شراپوا کو 1-6 اور 2-6 کے پوائنٹس کے ساتھ ایک گھنٹہ دو منٹ کے اندر شکست سے دوچار کر دیا۔

میچ تصویروں میں

پچیس سالہ سرینا ولیمز گھٹنہ زخمی ہونے کی وجہ سے کچھ عرصہ سے میدان میں نہیں تھیں، جس کی وجہ سے ٹینس کی خواتین کھلاڑیوں کی عالمی درجہ بندی میں ان کا نمبر 81 ہو گیا تھا۔ تاہم آسٹریلین اوپن جیتنے کے بعد وہ ایک ہی جست میں چودویں نمبر پر پہنچ جائیں گی۔

انیس سالہ شراپوا فائنل میں ہارنے کے باوجود اگلے ہفتے ہونے والی نئی عالمی درجہ بندی میں سر فہرست ہو نگی۔ میچ کے بعد ولیمز کے بارے میں ان کا کہنا تھا ’آپ بطور حریف اسے کبھی بھی تر نوالہ نہیں سمجھ سکتے۔ مجھے معلوم ہے کہ وہ ایک با صلاحیت کھلاڑی ہے اور اس نے یہ ثابت کر دکھایا ہے‘۔

شراپوا نے کہا کہ وہ ولیمز کے ساتھ بارہا کھیلنا چاہیں گی، اس امید کے ساتھ کہ وہ کچھ میچوں میں جیت بھی پائیں۔

ولیمز نے آسٹریلین اوپن میں فتح کو اپنی بہن یٹنڈے پرائس، جنہیں سال دو ہزار تین میں لاس اینجلس میں قتل کر دیا گیا تھا، کے نام کیا ہے۔ ولیمز کا کہنا تھا ’میں اپنی جیت کو اپنی بہن یٹنڈے کے نام کرتی ہوں، جو اب ہم میں نہیں ہے اور مجھے اس سے بہت کرتی ہوں‘۔