Friday, 26 January, 2007, 12:18 GMT 17:18 PST
دورہ آسٹریلیا کے دوران انگلینڈ کو ایک اور شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سہ فریقی ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو نو وکٹوں سے شکست دے کرانگلینڈ کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے صرف چونتیس اوروں میں ایک سو دس رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔آسٹریلیا نے مطلوبہ سکور صرف چوبیس اوروں میں پورا کر لیا۔
انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ سکور این بیل کا رہا جنہوں نے صرف اکتیس گیندوں پر پینتیس رنز بنائے۔ اینڈریو فلنٹاف سولہ رنز اور اینڈریو سٹراس سترہ رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔
آسٹریلیا کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر میچل جانسن نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ بریٹ لی اور ہاگ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا نے مطلوبہ سکور صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی ایڈم گلگرسٹ تھے جو انیس گیندوں پر تئیس رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
سہ فریقی ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کی ٹیم صرف ایک میچ جیت سکی ہے۔