Tuesday, 23 January, 2007, 12:39 GMT 17:39 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان ہاکی فیڈریشن آئندہ چند روز میں پاکستانی ہاکی ٹیم کے نئے کوچ کا تقرر کرنے والی ہے۔ یہ تقرری دوسال کے لیے ہوگی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری اخترالاسلام کا کہنا ہے کہ دو سال کے لیے کوچ کی تقرری کا مقصد نئی منیجمنٹ کو یکسوئی کے ساتھ اپنی ذمہ داری نبھانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ ماضی میں شکست پر بار بار کی تبدیلیوں سے کوچز بے یقینی کا شکار رہے ہیں لہذا اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع دیا جائے۔
نئے کوچ کے لیے اصلاح الدین، منظور جونیئر اور سابق گول کیپر سلیم شیروانی کے نام سامنے آئے ہیں تاہم پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔
ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم چھٹے نمبر پر رہی لیکن ایشین گیمز میں چین نے پاکستان کو سیمی فائنل میں ہرا کر سب کو حیران کردیا۔
شہناز شیخ نے ملازمتی ذمہ داریوں کےسبب کوچ کا عہدہ برقرار نہ رکھنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد اب نئے کوچ کی تقرری عمل میں آرہی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے لیے یہ بات سکون کا باعث ہے کہ ایشین گیمز میں چین کے ہاتھوں شکست کے باوجود تیسری پوزیشن حاصل کر کے پاکستانی ٹیم نے بیجنگ اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلیا اور اسے کوالیفائنگ راؤنڈ نہیں کھیلنا ہوگا۔