http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 21 January, 2007, 10:58 GMT 15:58 PST

جیت کے لیے مزید 183 رن درکار

پورٹ الزبتھ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں بنا کسی نقصان کے آٹھ رن بنا لیے ہیں۔

اس طرح پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے مزید 183 رن درکار ہیں جبکہ ابھی دو دن کا کھیل باقی ہے۔

تفصیلی سکور کارڈ
تیسرے دن کی تصاویر
دوسرا دن، تصاویر میں
پورٹ الزبتھ ٹیسٹ، تصاویر

اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں تین سو اکتیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان کو فتح کے لیے 191 کا ہدف ملا۔ جنوبی افریقہ کے آخری دو بلے بازوں نیل اور نتینی نے بھی پوری مزاحمت کی اور آخری وکٹ کی شراکت میں اکتالیس رنز بنائے۔

اس سے قبل باؤچر اور پولاک کی درمیان بھی بڑی مفید شراکت ہوئی۔ پولاک نے آؤٹ ہونے سے قبل پاکستانی سپنر دانش کنیریا کو چند دلکش چوکے لگائے۔ انہوں نے چھتیس رنز بہتّر گیندوں پر سکور کیئے۔پولاک اور باؤچر نے مل کر جنوبی افریقہ کے سکور میں 80 رنز کا اضافہ کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ژاک کیلس نے سب سے زیادہ رن بنائے۔ وہ اکانوے رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد آصف نے پانچ، دانش کنیریا نے چار جبکہ محمد سمیع نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستان کی ٹیم : انضمام الحق (کپتان) ، یونس خان ، عمران فرحت، محمد حفیظ، یاسر حمید، محمد یوسف، کامران اکمل، شعیب اختر، محمد سمیع، محمد آصف اور دانش کنریا۔

جنوبی افریقہ : جی سی سمتھ، اے بی ولیئر، ایچ ایم آملا، جے ایچ کالِس، اے جی پرِنس، ایم وی باؤچر، ایس ایم پولک، اے جے ہال، اے نیل، ایم نتینی۔