http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 15 January, 2007, 12:50 GMT 17:50 PST

گبز پر دومیچوں کی پابندی

جنوبی افریقہ کے بلے باز ہرشل گبز پر سنچورین ٹیسٹ کے چوتھے دن نسل پرستانہ کلمات ادا کرنے کے جرم میں دو ٹیسٹ میچ کھیلنے کی پابندی لگادی گئی ہے۔

معاملے کی سماعت کے بعد یہ پابندی میچ کے ریفری کرس براڈ نے لگائی ہے۔

گبز کی بات چیت کو وکٹ کے قریب نصب مائک کے ذریعے سنا گیا تھا اور انکے جملے ٹی وی پر نشر ہوئے تھے۔

ان کلمات میں دیگر تضحیکی فقرات کے علاوہ’ جانوروں کا گروہ‘ جیسے الفاظ بھی استعمال کیےگئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس واقعے کی شکایت میچ ریفری کرس براڈ سے کی تھی۔اس معاملے میں جنوبی افریقہ کے کرٹ بورڈ نے خود اپنی طرف سے ایک تادیبی کمیٹی بنائی ہے جس کی سماعت منگل کے روز ہوگی۔

اس سے قبل نسل پرستانہ فقرے بازی کرنے کے سبب آسٹریلیائی کھلاڑی ڈیرین لہمین پر ون ڈے میچز کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ ’کرکٹ ساؤتھ افریقہ‘ کے مطابق گبز نے یہ تبصرہ اس وقت کیا تھا جب جنوبی افریقہ کے سپنر پال ہیرس پر تماشائیوں نے فقرے کسے۔

بورڈ کے بیان کے مطابق ’ہرشل کا کہنا ہے کہ یہ کلمات صرف ان کی ٹیم کے کھلاڑیوں کو سنانے کے لیے تھے جو ان کے اردگرد موجود تھے اور اگر یہ کسی فرد کو برا لگا تو وہ معذرت خواہ ہیں‘۔

تاہم ’ کرکٹ ساؤتھ افریقہ‘ کا کہنا ہے کہ اس نے واقعے کی ٹیپ حاصل کر لی ہے اور وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہا ہے۔

یاد رہے کہ چوتھے دن ہی دو پاکستانی تماشائیوں کو اس وقت گراؤنڈ سے نکال دیا گیا تھا جب جنوبی افریقہ کے سپنر پال ہیرس نے ان پر فقرے کسنے کا الزام عائد کیا تھا۔