http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 12 January, 2007, 14:20 GMT 19:20 PST

عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

وسیم کی سیلیکشن کمیٹی پر تنقید

فاسٹ بولر شعیب اختر کو جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں منتخب نہ کرنے پر سابق کپتان وسیم اکرم نے پاکستان کرکٹ بورڈ پر کڑی تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شعیب اختر کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ مضحکہ خیز تھا۔ انہیں پہلے ہی ٹیم کے ساتھ جنوبی افریقہ جانا چاہیے تھا۔

وسیم اکرم سے قبل عمران خان، سرفراز نواز اور وقار یونس بھی سیلیکٹرز کی جانب سے شعیب اختر کو نظرانداز کرنے پر تنقید کرچکے ہیں۔

وسیم اکرم کہتے ہیں کہ ’اگر ایک بولر فٹ ہے تو اسے ٹیم سے باہر رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔ سیلیکشن میرٹ پر ہونی چاہئے اور پاکستانی ٹیم میں کسی کو ذاتی پسند یا ناپسند نہیں رکھنی چاہئے‘۔

وسیم اکرم کے مطابق شعیب اختر ایک میچ وننگ بولر ہیں اور یہ خوش آئند بات ہے کہ انہیں دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ ’بھارت کے مقابلے میں پاکستانی ٹیم زیادہ اچھی ہے اور اس کی جانب سے اچھی پرفارمنس کی توقع ہے۔ آخری ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم کی کارکردگی اوسط درجے کی رہی اور وہ ڈری ڈری محسوس ہوئی۔ اس کے برعکس پاکستانی ٹیم کا انداز زیادہ جارحانہ ہے۔ مجھے امید ہے کہ جنوبی افریقہ کو پاکستانی ٹیم کی طرف سے زیادہ سخت مزاحمت ملے گی‘۔