http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 03 January, 2007, 14:41 GMT 19:41 PST

اولمپک مشعل بلند ترین چوٹی پر

چینی حکام نے دو ہزار آٹھ کے اولمپک کھیلوں کی تیاریوں کا آغاز کرنے کے لیے اولمپک مشعل کو دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایوریسٹ پر لے جانے کا اعلان کیا ہے۔

دو ہزار آٹھ کے اولمپک کھیل چین کے شہر بیجنگ میں منعقد ہو رہے ہیں۔

کھیلوں سے پہلے مشعل کو دو دفعہ ماؤنٹ ایوریسٹ کی چوٹی پر لے جایا جائے گا کیونکہ دو ہزار آٹھ میں مشعل کے باقاعدہ عالمی چکر سے پہلے دو ہزار سات میں اس سفر کی مشق بھی کی جائے گی جسے پوری دنیا میں ٹی وی پر دکھایا جائے گا۔

بیجنگ اولمپکس کے منتظم لیو جِنگ مِن کا کہنا ہے کہ ’مشعل کو اس طرح سے تیار کیا جائے گا کہ وہ اتنی بلندی پر بھی جلتی رہے‘۔

اولمپک مشعل کا ماؤنٹ ایوریسٹ کا سفر جنوب میں نیپال سے شروع ہو کر شمال میں تبت میں اختتام پذیر ہو گا۔

اگست دو ہزار آٹھ کے اولمپک کھیلوں کی مشعل کے عالمی چکر کے شیڈول کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔ شیڈول پر عمل درآمد سے پہلے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کی طرف سے اس کی منظوری لازمی ہے۔