Sunday, 31 December, 2006, 12:35 GMT 17:35 PST
کوئنز ٹاؤن میں کھیلے گئے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں نیوزی لینڈ نے ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو ایک وکٹ سے شکست دے دی ہے۔
نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کے لیے آخری بال پر ایک رنز کی ضرورت تھی اور کریز پر بلے بازوں کی آخری جوڑی موجود تھی۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے افتتاحی بلے باز جیمز مارشل پچاس رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ نیوزی لینڈ کو اس وقت مشکل صورتحال کا سامنا تھا ایک سو چھیالیس رنز پر اس کی چھ وکٹیں گر چکی تھیں۔ تاہم مارشل کے جڑواں بھائی ہمیش نے پینتیس گیندوں پر انتیس رنز بنا کر اس ڈوبتی کشتی کو پار لگانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے فرینکلین کے ساتھ ساتویں وکٹ کی شراکت میں چونتیس رنز بنائے۔ فرینکلین چھیالیس گیندوں پر پینتالیس رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جیت سے دونوں ملکوں کے درمیان جاری پانچ میچوں سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے۔ سیریز کا تیسرا میچ منگل کو کرائسٹ چرچ میں ہو گا۔