عبدالرشید شکور
بی بی سی اردوڈاٹ کام، کراچی
لیگ سپنر مشتاق احمد ایک بار پھر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف میں شامل کرلیے گئے ہیں۔ بولنگ کنسلٹنٹ اور بولنگ کوچ کے بعد اب وہ نائب کوچ بنادیے گئے ہیں۔
غور طلب بات یہ ہے کہ مشتاق احمد کی تقرری میچ فکسنگ کی تحقیقات کرنے والے جسٹس قیوم کمیشن کی رپورٹ کے باوجود عمل میں آئی ہے جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ مشتاق احمد مبینہ طور پر جواریوں سے روابط کی وجہ سے پاکستانی کرکٹ کی بدنامی کا سبب بنے ہیں ان پر گہری نظر رکھی جائے اور انہیں مستقبل میں کوئی ذمہ داری ٹیم اور بورڈ میں نہ سونپی جائے۔
جسٹس قیوم کمیشن نے مشتاق احمد پر تین لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیاتھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مشتاق احمد کو چیمپئنز ٹرافی سے قبل شہریارخان نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا تھا لیکن کرکٹ بورڈ کی باگ ڈور سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر نسیم اشرف نے جو پہلا فیصلہ صادر کیا وہ مشتاق احمد کو ان کے عہدے سے ہٹایا جانا تھا۔ مشتاق احمد کو جس وقت بولنگ کوچ کے عہدے سے ہٹائے جانے کی اطلاع دی گئی وہ بھارت روانگی کے لیے ائرپورٹ جارہے تھے۔
مشتاق کا کرئیر |
مشتاق احمد پاکستان کی طرف سے52 ٹیسٹ اور144 ون ڈے کھیلتے ہوئے بالترتیب185 اور161 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ حالیہ برسوں میں انگلش کاؤنٹی سسیکس کی شاندار کارکردگی میں ان کی بولنگ فیصلہ کن کردار ادا کرتی آئی ہے۔