http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 30 December, 2006, 14:46 GMT 19:46 PST

ڈربن میں بھارت کو شکست

جنوبی افریقہ نے ڈربن میں جاری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے آخری روز بھارت کو ایک سو چوہتر رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔

بھارت کی ٹیم جسے میچ جیتنے کے لیے تین سو پینتالیس رنز کا ہدف ملا تھا، صرف ایک سو نواسی رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ مکھایا نتینی نے اڑتالیس رنز دے کر بھارت کے پانچ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ آندرے نیل نے بھی تین وکٹیں لے کر ان کا خوب ساتھ نبھایا۔

سکور کارڈ کے لیے کلک کریں

بھارت کی طرف سے صرف مہندرا دھونی نے کچھ مزاحمت کی۔ انہوں نے دس چوکوں کی مدد سے سینتالیس رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں تین سو اٹھائیس رنز بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز دو سو پینسٹھ رنز پر اس وقت ڈکلیئر کر دی تھی جب اس کی ابھی دو وکٹیں باقی تھیں۔ بھارت نے پہلی اننگز میں دو سو چالیس رنز بنائے تھے۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بھارت نے جیتا تھا۔ منگل سے کیپ ٹاؤن میں شروع ہونے والا تیسرا ٹیسٹ میچ اب فیصلہ کن ثابت ہو گا۔