Tuesday, 05 December, 2006, 12:14 GMT 17:14 PST
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان راولپنڈی میں ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ کی بارش کی وجہ سے منسوخی کے بعد بھی پاکستان کرکٹ ٹیم نے تیز رفتار بالروں شعیب اور محمد آصف کو دوسرے میچ میں شامل نہیں کیا ہے۔
دونوں بالروں پر ممنوعہ ادویات کے استعمال کے بعد لگائی جانے والی پابندی کو منگل کے روز کالعدم قرار دے دیا گیا تھا۔
پاکستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر وسیم باری نے ان تیز رفتار بالروں کے بارے میں کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے ستمبر کے بعد کسی میچ میں شرکت نہیں کی ہے جس کی وجہ سے انہیں فوری طور پر میچ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان دونوں کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کے بارے میں فیصلہ باقی سلیکٹروں سے مشورے کے بعد ہی کیا جائے گا۔
ٹیم کی سلیکشن ٹیم نے جمعرات کو ہونے والے دوسرے میچوں کے لیے وہی ٹیم برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جسے بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے والے پہلے میچ کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
پانچ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ اب سات دسمبر کو فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اس سے قبل ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ سیریز دو ایک سے جیت چکا ہے۔
ٹیم کے کپتان انضمام الحق دوسرے میچ میں شرکت کر سکیں گے۔ پاکستان کے کرکٹ حکام نے تصدیق کی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اس بات پر تیار ہو گئی ہے کہ پاکستان ٹیم کے کپتان انضمام الحق پر جو چار میچوں کی پابندی عائد کی گئی تھی، وہ منسوخ ہونے والے میچ کے بعد پوری ہوگئی ہے اور اب انضمام کو اگلا میچ کھیلنے کی اجازت ہے۔
پاکستان کے دورے پر آئی ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں کپتان برائن لارا ٹیم کے واحد رکن ہوں گے جو پاکستان میں ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں۔ لارا آنے والے میچوں میں بھی ٹیم کی چیمئنز ٹرافی کے جیسی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا’موسم کے آثار کچھ اچھے نہیں ہیں تاہم ہمیں آگے بڑھتے ہوئے دوسرے میچ پر اپنی توجہ مرکوز رکھنی ہے‘۔