Sunday, 03 December, 2006, 07:25 GMT 12:25 PST
ویسٹ انڈیز کے آل راونڈر ڈوین براوو ذاتی وجوہات کی بنا پر پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز نہیں کھیل سکیں گے۔
ان کی جگہ بولر کوری کالیمور کو کھلایا جا رہا ہے جو پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ تو کھیلے تھے لیکن ان کا نام ایک روزہ سیریز کی ٹیم میں نہیں شامل تھا۔
بلے باز رام نریش سروان کے زخمی ہونے کے بعد براوو کا ٹیم میں شامل نہ ہونا ویسٹ انڈیز کے لیے دوسرا دھچکہ ہے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی طرف سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے ’براوو نے سلیکٹروں سے واپس گھر جانے کی اجازت مانگی تا کہ وہ اپنے قریبی لوگوں کے ساتھ وقت گزار سکیں جن کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔‘
ادھر سروان کے، جو کہ کراچی ٹیسٹ کے دوران عمر گل کا ایک یارکر لگنے سے اپنا دایاں پاؤں زخمی کر بیٹھے تھے، پاؤں کے ایکس رے میں ہلکا فریکچر سامنے آیا ہے۔ کراچی میں ان کے مقامی معالج کے مطابق سروان کم سے کم چار ہفتے نہیں کھیل سکیں گے۔
پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ منگل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔