Saturday, 02 December, 2006, 02:56 GMT 07:56 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان رام نریش سروان دائیں پیر میں فریکچر ہونے کے سبب پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
ویسٹ انڈین ٹیم کے میڈیا افسرعمران خان کے مطابق کراچی ٹیسٹ کے آخری دن عمرگل کی گیند سروان کے دائیں پیر پر لگی جس کے نتیجے میں فریکچر ہوگیا ہے اور انہیں شدید تکلیف کے عالم میں میدان سے باہر لا یا گیا۔ اسوقت وہ پنتیس رنز پر بیٹنگ کررہے تھے۔
میڈیا افسر کے مطابق سروان فوری طور پر وطن واپس جارہے ہیں۔
پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سروان کے لیے کامیاب ثابت نہ ہوسکی۔پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں زیادہ رنز بنانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور انہیں ملتان ٹیسٹ سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔
کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں وہ بغیر کوئی رن بنائے عمرگل کی گیند پر بولڈ ہوئے اور دوسری اننگز میں عمر گل ہی کی گیند انہیں ان فٹ کرگئی۔
چھبیس سالہ سروان نے115 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی ہے جس میں انہوں نے3 سنچریوں اور24 نصف سنچریوں کی مدد سے3724 رنز بنائے ہیں۔