Friday, 01 December, 2006, 05:37 GMT 10:37 PST
کراچی میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ پاکستان نے 199 رنز سے جیت لیا ہے۔ اس طرح اس نے سیریز بھی دو صفر سے جیت لی ہے۔
محمد یوسف کو میچ اور سیریز میں ان کی شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
پاکستان کے سب سے زیادہ کامیاب بالر دانش کنیریا رہے جنہوں نے 69 رنز دے کر تین کھلاڑی آؤٹ کیے جن میں چندرپال بھی شامل تھے۔ عمر گل، شاہد نذیر اور عبدالرزاق، تینوں نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
![]() | |
| محمد یوسف کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا |
چائے کے وقفہ کے فوراً بعد ویسٹ انڈیز کی دو وکٹیں گر گئی جن میں چندرپال کی قیمتی وکٹ بھی شامل تھی۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز کی وکٹیں تسلسل کے ساتھ گرتی رہیں۔
اس سے قبل پانچویں اور آخری دن کا آغاز ویسٹ انڈیز نے 39 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر کیا اور دونوں بلے بازوں نے پاکستانی بالروں کا پراعتماد سامنا کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔ کپتان برائن لارا نے ایک مرتبہ پھر اپنے بیٹنگ کے جوہر دکھاتے ہوئے نو چوکوں کی مدد سے انچاس رنز بنائے لیکن وہ اپنی نصف سینچری سے ایک رن کم پر عمر گل کی بالنگ پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
ان کے بعد رناکو مارٹن اور چندرپال نے سکور کو 126 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر دانش کنیریا نے رناکو مارٹن کو اپنی ہی گیند پر کیچ کر لیا۔
چوتھے دن کے کھیل کے آخری حصے میں جب ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز شروع کی تو عمر گل نے اپنے پہلے ہی اوور میں اوپنر کرس گیل کو بولڈ کر دیا۔
![]() | |
| سراوان 37 رنز بنانے کے بعد زخمی ہو گئے |
اس سے قبل پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 399 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر ختم کر کے ویسٹ انڈیز کو جیتنے کے لیے 444 رنز کا ہدف دیا تھا۔
کراچی ٹیسٹ کے چوتھے دن کی خاص بات محمد یوسف کا ایک سال کے اندر نو سینچریاں بنانے کا نیاعالمی ریکارڈ قائم کرنا تھا۔ اس طرح انہوں نے اسی میچ کی پہلی اننگز میں آٹھ سینچریوں کو اپنا ہی بنایا ہوا ریکارڈ میچ کی دوسری اننگز میں مزید بہتر کر دیا۔
اس سے قبل چوتھے دن محمد یوسف نے ویسٹ انڈیز کے ویوین رچرڈز کا ایک سال میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے کا ریکارڈ اس وقت توڑ دیا جب انہوں نے اپنی اننگز میں سینتالیس رنز کا ہدف عبور کیا۔ ویوین رچرڈز نے سب سے زیادہ سکور کرنے کا ریکارڈ 1976 میں 1710 رنز بنا کر قائم کیا تھا۔
چوتھے دن کا آغاز گزشتہ روزکے ناٹ آؤٹ کھلاڑیوں اوپنر محمد حفیظ اور محمد یوسف نے کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرے کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 149 رنز کا اضافہ کیا۔
پاکستانی ٹیم: انضمام الحق، محمد یوسف، عمران فرحت، محمد حفیظ، یونس خان، شعیب ملک، عبدالرزاق، کامران اکمل، شاہد نذیر، عمر گُل اور دانش کنیریا۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم برائن لارا، ڈیرن گنگا، کرس گیل، رناکو مارٹن، شِو نرائن چندرپال، ڈوائن براوو، دنیش رام دین، ڈیو محمد، کوری کالیمور، ڈیرن پاول اور جیروم ٹیلر۔