Tuesday, 28 November, 2006, 04:37 GMT 09:37 PST
کراچی میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان کی ٹیم تین سو چار رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز نے اس کے جواب میں کھیل کے اختتام تک چھ وکٹوں پر ایک سو اکیانوے رن بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے ڈیرن گنگا نے ستتر رن بنائے ہیں اور ابھی آؤٹ نہیں ہوئے۔
پاکستان کی طرف سے محمد یوسف ایک سو دو رن کے ساتھ سب سے کامیاب کھلاڑی رہے۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی عمر گُل تھے جنہوں نے چھبیس رن بنائے۔
پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر 257 رن بنائے تھے۔
گزشتہ روز میچ کی خاص بات محمد یوسف کا ویون رچرڈز کا سات سنچریوں کا ریکارڈ توڑنا تھا۔ بعد ازاں وہ 102 پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
کل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
یونس خان بیس کے ذاتی سکور پر رن آؤٹ ہو گئے۔ عمران فرحت سینتالیس رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انضمام الحق اٹھارہ رنز ہی بنا سکے اورگنگا کی گیند پر ان کا کیچ چندرپال نے لیا۔
![]() | |
| محمد یوسف نے رچرڈز کا سات سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا |
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کالیمور نے تین اور براوو اور پاول نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
لاہور میں پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ہرا دیا تھا جبکہ ملتان ٹیسٹ ہار جیت کے نتیجے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔
پاکستانی ٹیم: انضمام الحق، محمد یوسف، عمران فرحت، محمد حفیظ، یونس خان، شعیب ملک، عبدالرزاق، کامران اکمل، شاہد نذیر، عمر گُل اور دانش کنیریا۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم برائن لارا، ڈیرن گنگا، کرس گیل، رناکو مارٹن، شِو نرائن چندرپال، ڈوائن براوو، دنیش رام دین، ڈیو محمد، کوری کالیمور، ڈیرن پاول اور جیروم ٹیلر۔