Saturday, 18 November, 2006, 19:28 GMT 00:28 PST
راجر فیڈرر نے شنگھائی میں ہونے والے ماسٹرز کپ کے پہلے سیمی فائنل میں رافیل ندال کو ایک انتہائی خوبصورت مقابلے کے بعد ہرا دیا ہے۔
اب اتوار کے روز ان کا مقابلہ امریکہ کے جیمز بلیک سے ہو گا جنہوں نے ڈیوڈ نالبندیان کو چھ۔چار اور چھ۔ایک سے شکست دی ہے۔
فیڈرر نے ندال کو چھ۔چار اور سات۔پانچ سے شکست دی۔
عالمی نمبر دو کھلاڑی ندال اس سے پہلے فیڈرر کے مدِ مقابل آٹھ میچ کھیل چکے ہیں جن میں سے چھ ندال نے جیتے اور دو فیڈرر نے۔
ندال نے میچ ہارنے کے بعد کہا کہ ’یہ ایک خاص میچ تھا جس میں نمبر ایک نمبر دو کے خلاف کھیل رہا تھا۔ راجر ایک ناقابلِ یقین سطح پر کھیل رہے ہیں۔ اور میں آج ان سے کچھ زیادہ فاصلے پر نہیں ہوں‘۔
فیڈرر نے کہا کہ ’یہ میرے لیے ایک بڑا چیلنج ہے کیونکہ وہ (ندال) ہمیشہ ایک طرح سے کھیلتے ہیں مگر وہ کھیلتے بڑا اچھا ہیں‘۔
فیڈرر نے کہا کہ یہ میرے لیے ایک بڑا امتحان ہے اور ’میں خوش ہوں کہ اس پر پورا اترا ہوں‘۔