Wednesday, 15 November, 2006, 19:18 GMT 00:18 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق نے تجویز دی ہے کہ خراب موسم اور کم روشنی کے مسئلے سے نبٹنے اور ٹیسٹ میچوں کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ٹیسٹ میچ کا دورانیہ بڑھا کر چھ دن کر دیا جائے۔
انضمام کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو کوئی فیصلہ کر لینا چاہئے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر چوالیس اوورز کا کھیل کم روشنی کے سبب ضائع ہوا تھا۔
انضمام الحق کا کہنا ہے کہ خوشی کی بات ہے کہ پاکستان نے یہ ٹیسٹ میچ چار دن میں ہی جیت لیا لیکن خراب موسم تمام وقت ان کے لیے تشویش کا سبب بنا رہا۔ ’اس مسئلے کا سیدھا سادہ حل یہ ہے کہ اس موسم (سرما) میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ چھ روزہ ہونے چاہئیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کم روشنی کا مسئلہ نہیں ہے لیکن جیسا کہ لاہور یا کسی دوسرے شہر میں یہ صورتحال رہتی ہے، جہاں سورج پانچ بجے غروب ہوتا ہے، تو بہتر یہ ہے کہ وہاں ٹیسٹ میچ دس بجے شروع اور چار بجے ختم ہو۔
انہوں نے کہا کہ میچ جلد ی بھی شروع نہیں کیا جا سکتا کیونکہ صبح کے وقت شمبنم پڑتی ہے۔ پاکستانی کپتان کے مطابق آج کل کی تھکا دینے والی مسلسل کرکٹ میں کھلاڑیوں کے لیے ممکن نہیں کہ انہیں سات گھنٹے فیلڈ میں رکھا جائے۔
انضمام کا خیال تھا کہ چھ دن کے ٹیسٹ میچ سے کسی پر دباؤ نہیں ہوگا اور اس مسئلے سے بھی چھٹکارہ مل جائے گا کہ کبھی میچ جلد شروع کرنا پڑ رہا ہے اور کبھی دیر سے ختم اور کبھی کوئی سیشن تین گھنٹے کا ہورہا ہے، اس سے بہتر ہے کہ ایک فارمولا وضع کرلیا جائے۔
انضمام الحق کے مطابق شائقین کی دلچسپی کے لیے ٹیسٹ میچ کا نتیجہ آنا بہت ضروری ہے اور نتیجے کے لیے موسم کی رکاوٹ کو دور کرنا ہوگا۔