لاہور ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان چار سو پچاسی کے جواب میں ویسٹ انڈیز کے چھپن رن پر تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ گنگا رن آؤٹ ہوئے جبکہ کرس گیل اور رمیش ساروان کو عمر گُل نے آؤٹ کیا۔
ویسٹ انڈیز کی طرف سے ٹیلر نے چار، محمد نے تین اور گیل نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
شعیب ملک انہتر اور عبدالرزاق پانچ رن بنا کر ٹیلر کی گیندوں کا نشانہ بنے۔
محمد یوسف کے لیے دو سخت لمحات آئے۔43 کے اسکور پر ٹیلر کی گیند پر گنگا نے ان کا کیچ ڈراپ کردیا۔53 کے اسکور پر ڈیو محمد کی گیند پر وکٹ کیپر رام دین نے انہیں اسٹمپ کرکے اپیل کی لیکن اسکوائر لیگ امپائر اشوکا ڈی سلوا نے ٹی وی امپائر ندیم غوری سے رجوع کرنا ہی مناسب نہیں سمجھا۔
ان دو مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے محمد یوسف71 ویں ٹیسٹ میں20 ویں سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئے جس میں13 چوکے شامل تھے۔ یہ ویسٹ انڈیز کے خلاف چھ ٹیسٹ میچوں میں محمد یوسف کی چوتھی سنچری ہے۔
محمد یوسف کے لیے سال2006 انتہائی شاندار رہا ہے وہ ابتک10 ٹیسٹ میچوں میں6 سنچریوں اور2 نصف سنچریوں کی مدد سے 1230رنز بناچکے ہیں۔
کم روشنی کے سبب پہلے روز کھیل اٹھارہ اوور اور دوسرے روز اکیس اوور پہلے ختم کرنا پڑا۔
پاکستانی ٹیم: عمران فرحت، محمد حفیظ، یونس خان، محمد یوسف، انضمام الحق، شعیب ملک، دانش کنیریا، عبدالرزاق، شاہد نذیر، عمر گُل اور کامران اکمل۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم: ڈی گنگا، کرس گیل، رمیش ساروان، شِو نرائن چندرپال، برائن لارا، ڈی جے براوو، ڈی رام دین، ڈی محمد، جے ٹیلر، سی کالیمور اور ایف ایچ ایڈورڈز۔