مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
فاسٹ بالر شعیب اختر نے بھی اینٹی ڈوپنگ کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔
شعیب اختر نے یہ اپیل منگل کو رات گئے اپنے وکیل عابد حسن منٹو کے ذریعے اپیل دائر کی ہے۔
شعیب پر مثبت ڈوپ ٹیسٹ کی تحقیق کرنے والے کمیشن کی طرف سے دو سال کرکٹ کھیلنے پر پابندی کی سزا کے چھ دن بعد اپیل دائر کی جبکہ ایک سال کی پابندی کی سزا پانے والے پاکستان کے دوسرے فاسٹ بالر محمد آصف نے اپنی اپیل پیر کی صبح جمع کروا دی تھی۔
محمدآصف کی جانب سے اپیل دائر ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپیل کمیٹی کا اعلان کر دیا تھا ۔
تین رکنی اس اپیل کمیٹی کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ فخرالرین جی ابراہیم ہیں جوکہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہ چکے ہیں۔ممبران میں سابق کرکٹر حسیب احسن اور ایک ڈاکٹر دانش ظہیر شامل ہیں۔ڈاکٹر دانش ظہیر ڈوپنگ معاملات میں ایک اتھارٹی سمجھے جاتے ہیں۔
اس اپیل کمیٹی کا پہلا اجلاس کب ہو گا اس کا اعلان تو نہیں کیا گیا البتہ پی سی بی کے ترجمان کے مطابق بہت جلد یہ کمیٹی دونوں بالرز کی اپیلوں پر غور کرنے کے لیے اکھٹی ہو گی۔