مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے دوفاسٹ بالرز پر ڈوپنگ الزامات کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے پاکستان کی ٹیم کے غیرملکی کوچ باب وولمر، فزیو تھریپسٹ ڈیرل لفسن اور ٹرینر مرے سٹیون سن کو بدھ یکم نومبر کو طلب کیا ہے جس دن اس کیس کے سلسلے میں ان کے اہم بیانات قلم بند کیے جائیں گے۔
ہفتے کے روزاس کمیٹی کا اجلاس چار گھنٹے تک جاری رہا۔ اس اجلاس میں ایک بار پھر شعیب اختر اور محمد آصف سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری رہا۔
آج بھی محمد آصف بغیر کسی معاون کے جبکہ شعیب اختر اپنے معاون ڈاکٹر نعمان نیاز کے ساتھ آئے تھے۔
آج اس کمیٹی نے دوماہرین شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹر سید عباس رضا اوردوسرے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کو بھی اجلاس میں ماہرانہ رائے لینے کے لئے بلوایا تھا۔
کمیٹی کے چیئرمین بیریسٹرشاہد حامد نے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ وہ یکم نومبر کو پاکستان ٹیم کے کوچ باب وولمر کے علاوہ ٹیم کے فزیو تھریپسٹ اور ٹرینر کے بیانات قلم بند کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ جمعرات دو نومبر تک وہ اس کیس کے سلسلے میں اپنی سفارشات مرتب کر لیں گے۔
ان کھلاڑیوں کا اس کیس میں کیا مستقبل ہے اس ضمن میں شاہد حامد نے کسی قسم کی کوئی نشاندہی نہیں کی۔ ان کا رویہ کافی محتاط رہا اور دریافت کرنے پر بھی کہ ان کھلاڑیوں کی دوران سماعت باڈی لینگؤج کیا ظاہر کرتی تھی، بیریسٹر شاہد حامد کچھ بھی کہنے سے گریزاں رہے۔