http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 27 October, 2006, 02:20 GMT 07:20 PST

آج فیصلہ کن موہالی مقابلہ ہو گا

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان آج موہالی میں چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے کا اہم میچ ہو رہا ہے جس میں یہ فیصلہ ہو گا کہ گروپ بی میں کون سی ٹیم سیمی فائنل کے لیے نیوزی لینڈ کے ساتھ کوالیفائی کرے گی۔

دونوں ٹیموں نے دو دو میچ کھیلے ہیں جن میں سے ایک جیتا اور ایک ہارا ہے۔ دونوں نے یہ میچ نیوزی لینڈ سے ہارے ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ موہالی کا میچ دلچسپ ہو گا اور دونوں ٹیمیں اپنی سرتوڑ کوشش کریں گی کہ یہ میچ جیتیں۔

پاکستان کے کوچ باب وولمر کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیموں کو میچ جیتنے کی ضرورت ہے۔ ’ہمیں پتہ ہے کہ ہمیں کیا کرنا ہے اور یہی حال جنوبی افریقہ کا بھی ہے‘۔

جنوبی افریقہ کے کپتان گریم سمتھ کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک دن برا کھیل کر دوسرے دن شاندار کارکردگی دکھانے کا حامل ہے۔

موہالی کی وکٹ تیز بولروں کے لیے مدد گار ثابت ہو سکتی ہے لیکن سمتھ نے اپنے تیز گیند بازوں سے کہا ہے کہ وہ اسے سر پر سوار نہ کریں۔
باب وولمر اور یونس خان
باب وولمر اور یونس خان کو میچ جیتنے کے لیے حکمت عملی بنانی پڑے گی

انہوں نے کہا کہ ’ہمارے بولر اس وکٹ پر آئے ہیں جس میں پیس اور باؤنس ہے، ایسی وکٹ جس کی انہیں عادت ہے‘۔

پاکستان کے کپتان یونس خان نے کہا کہ وہ سری لنکا کے خلاف اپنی فتح کے جزبے کو سامنے رکھتے ہوئے کھیلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’اس وقت ہم پر جتنا دباؤ تھا اتنے دباؤ سے کوئی بھی ٹیم ٹوٹ سکتی تھی۔ اگر ہم اس وقت کامیابی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں تو ہم یقیناً اب بھی ہو سکتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم مشکل حالات میں اچھا مقابلہ کرنے کے لیے مشہور ہیں اور اب بھی اس سے کچھ مختلف نہیں ہو گا‘۔