Monday, 23 October, 2006, 10:08 GMT 15:08 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ ڈاکٹر نسیم اشرف کے ٹیم میں موجود غیرمعمولی مذہبی رجحان کے بارے میں بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہ تو ٹیم کے کھلاڑیوں کو زبردستی نماز پڑھنے پر مجبور کررہے ہیں اور نہ ہی انہوں نے مذہب کو ٹیم سلیکشن سے مشروط کر رکھا ہے۔
انضمام الحق کا کہنا ہے کہ جو لوگ اس طرح کی باتیں کررہے ہیں انہوں نے کبھی خود نماز نہیں پڑھی ہے اور نہ ہی ان کا اسلام کا دور دور سے تعلق ہے۔
![]() | |
| پاکستانی ٹیم نماز پڑھ رہی ہے |
پاکستانی کپتان نے کہا کہ ان پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کو داڑھی رکھنے پر مجبور کررہے ہیں اگر ایسا ہے تو یہ دیکھ لیں کہ اس وقت کتنے کھلاڑی ہیں جن کی داڑھیاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے دورے پر گئی ٹیم کے صرف تین کھلاڑیوں کی داڑھیاں تھیں جن میں ان کے علاوہ محمد یوسف اور شاہد آفریدی شامل تھے۔
انضمام الحق نے کہا کہ کھلاڑیوں کی نمازوں سے کبھی میچ نہیں رکا اور نہ ہی ٹیم کی ٹریننگ مثاثر ہوئی ہے۔