Friday, 20 October, 2006, 09:58 GMT 14:58 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر شعیب اختر اور محمد آصف کے ڈوپ ٹیسٹ کے لیئے تحقیقاتی کمیٹی میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے میڈیکل کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر وقار احمد کو شامل کر لیا ہے۔
اس سے قبل کمیٹی کا سربراہ سابق گورنر پنجاب شاہد حامد کو بنایا جا چکا ہے۔ کمیٹی کے تیسرے رکن سابق ٹیسٹ کرکٹر انتخاب عالم ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آپریشنز سلیم الطاف کے مطابق ممکن ہے کہ کمیٹی سنچر سے اپنی کارروائی شروع کر دے۔
یاد رہے کہ یہ کمیٹی شعیب اختر اور محمد آصف کے مثبت ڈوپ ٹیسٹ کے بعد قائم کی گئی ہے۔ یہ ڈوپ ٹیسٹ پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی سے قبل کرائے تھے۔
یہ ڈوپنگ تحقیقاتی کمیٹی دو ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے صدر نسیم اشرف کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی دو ہفتے میں حالات اور واقعات کا جائزہ لینے اور مختلف افراد سے بات کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سپرد کردے گا جس کے بعد ہی یہ معلوم ہوسکے گا کہ شعیب اختر اور محمد آصف نے لاعلمی یا دانستہ ممنوعہ دوا نینڈرولون کا استعمال کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ واضح کر چکا ہے کہ تحقیقاتی عمل پاکستان کرکٹ بورڈ کا اندرونی معاملہ ہے اور آئی سی سی اس بارے میں مداخلت نہیں کرسکتی۔