Thursday, 28 September, 2006, 16:49 GMT 21:49 PST
متنازعہ امپائر ڈیرل ہیئر جنہوں نے پاکستانی ٹیم پر بال ٹیمپرنگ کا الزام لگایا آئندہ ماہ بھارت میں ہونے والی چیمپیئن ٹرافی میں حصہ نہیں لیں گے۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل آئی سی سی کے ترجمان نے جمعرات کے روز انضمام الحق کے خلاف بال ٹیمپرنگ اور کرکٹ کے کھیل کو بدنام کرنے کے الزامات پر فیصلہ سنانے کے بعد کہا کہ امپائر ڈیرل ہیئر کو سلامتی کے نقطۂ نظر کے تحت آئی سی سی سے باہر رکھا گیا ہے۔
ڈیرل ہیئر نے کہا کہ ’میں صاف نیت کے ساتھ امپائرنگ کرتا ہوں اور ایسے فیصلے لیتا ہوں جو میرے خیال میں ضروری ہوتے ہیں‘۔
انگلینڈ میں اگست کے مہینے میں اوول ٹیسٹ کے دوران پاکستانی ٹیم کے خلاف بال ٹیمپرنگ کے الزامات کا پاکستان میں زبردست رد عمل ہوا تھا۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان انضمام الحق کو بدھ کو ان الزامات سے بری کر دیا گیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد ڈیرل ہیئر نے ایک پریس کانفرنس کی اور خوشگوار موڈ میں تھے۔
ترپن سالہ آسٹریلوی امپائر نے کہا کہ وہ امپائرنگ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں چیمپیئن ٹرافی کے بارے میں آئی سی سی کا فیصلہ قبول ہے لیکن وہ اپنا کیریئر جاری رکھیں گے۔
نسلی تعصبات کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا وہ ایسی کسی بحث میں نہیں پڑنا چاہتے۔
ہیئر چھہتر ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں دنیا کے کسی حصے میں کام کرنے پر اعتراض نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’اگر ہم تنقید کا سامنا نہیں کر سکتے تو پھر کام نہیں کرنا چاہیے‘۔ ’میں اکیس سال سے اس کا سامنا کر رہا ہوں اور اب بھی ایسا کر سکتا ہوں چاہے وہ جائز ہو یا بلا جواز‘۔