Wednesday, 27 September, 2006, 10:44 GMT 15:44 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے شہناز شیخ کو دوہا میں ہونے والے ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ کے لیئے کوچ اور مینیجرمقرر کر دیا ہے جبکہ مستعفی ہونے والے سلیکشن کمیٹی کے رکن حسن سردار کی جگہ سمیع اللہ کو تین رکنی سلیکشن کمیٹی کا رکن بنایا گیا ہے۔
یہ فیصلہ منگل کو لاہور کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اور دیگر عہدے داروں کے درمیان ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
سابق المپیئن شہناز شیخ کو اسی ماہ جرمنی میں ہونے والے عالمی کپ کے لیئے ٹیم کا کوچ بنایا گیا تھا۔ ان سے پہلے چمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی پانچویں پوزیشن اور ہالینڈ سے 2-9 کی شکست کے بعد کوچ آصف باجوہ نے استعفیٰ دے دیا تھا اور عالمی کپ سے چند دن پہلے شہناز شیخ کوقومی ٹیم کی کوچنگ سونپی گئی۔
اخترالسلام نے کہا کہ ایشین گیمز کے لیئے پاکستان کی ٹیم کا کیمپ دس سے بیس اکتوبر تک اسلام آباد میں اور پھر عید کی چھٹیوں کے بعد تیس اکتوبر سے تیس نومبر تک کراچی میں لگایا جائے گا۔
ان دنوں پاکستان کی ہاکی ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں نے لیگ کھیلنے کی اجازت طلب کی ہے۔ اخترالسلام کے مطابق ان کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ٹیم میں تب ہی شامل ہو سکتے ہیں جب وہ کیمپ میں رپورٹ کریں اور ٹرائلز میں حصہ لیں۔