Saturday, 23 September, 2006, 11:37 GMT 16:37 PST
بھارتی کرکٹ ٹیم کی سہ فریقی ٹورنامنٹ میں ناکامی کے باوجود کپتان راہول ڈراوڈ کا یہ ماننا ہے کہ بھارت کے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی جیتنے کے امکان ابھی روشن ہیں۔
سہ فریقی ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہو کر بھارت کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات باکل ختم ہوگئے۔ آسٹریلیا نے بھارت کو 214 رنز کا ہدف دیا لیکن بھارت کی ٹیم اس ہدف کو مکمل نہ کر سکی اور اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اگلے ماہ ہونے والی چیمپینز ٹرافی میں بھارت کی ٹیم شدید دباؤ میں ہوگی کیوں کہ یہ ٹورنامنٹ ان کی اپنی سرزمین پر کھیلا جا رہا ہے۔
کپتان راہول ڈراوڈ کا کہنا ہے کہ ’ہمیں مثبت رہنا ہوگا اور ہماری باؤلنگ اور فیلڈنگ بہت اچھی رہی ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں ہماری بیٹنگ قابل ذکر نہیں رہی جبکہ کھیل کا یہ حصہ ہماری پہچان ہے اور ماضی میں ہماری بیٹنگ اچھی رہی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری بیٹنگ پھر سے زبردست ہوجائے گی اور ہم چیمپینز ٹرافی میں مثبت اور پر اعتماد ہو کر جائیں گے‘۔
ڈراوڈ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ایک بہت بڑی مایوسی تھی لیکن چار وکٹیں جلد کھونے کے باوجود ہم لڑے۔
سچن ٹنڈولکر جو کہ اس میچ سے پہلے بہترین فارم میں تھے اچھا سکور بنانے میں ناکام رہے۔ دینیش مونگیا 63 کے سکور پر ناٹ آؤٹ رہے لیکن ان کا ساتھ کسی نے نہیں دیا۔
ڈراوڈ نے کہا کہ ’ اس قسم کی شکست سے بہت دکھ ہوتا ہے اور اس ہار کو برداشت کرنا مشکل ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے اور پورے بیٹنگ آرڈر کو محنت کرنا ہوگی۔ ہم میچ اپنی غلط حکمت عملی کی وجہ سے نہیں ہارے بلکہ اتنی اچھی وکٹ پر 213 کے ہدف تک پہنچنے کے لیے آپ کو ایک اچھی شراکت کی ضرورت ہوتی ہے جس میں ہم ناکام رہے۔ ہمیں یہ میچ ضرور جیتنا چاہیے تھا‘۔