Saturday, 16 September, 2006, 04:56 GMT 09:56 PST
ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے لیگ سپنر شین وارن نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو کوچ جان بکانن کی ضرورت نہیں ہے۔
جان بکانن 1999 سے آسٹریلوی ٹیم کے کوچ ہیں اور ان کے دور میں آسٹریلیا نے دو دفعہ ایشز سیریز اور ورلڈ کپ جیتا ہے۔
شین وارن نے کہا کہ جان بکانن کا ٹیم کی جیت میں کردار اہم نہیں ہے اور آسٹریلوی ٹیم کو صرف ایک اچھے مینجر کی ضرورت ہے۔
شین وارن نے کہا کہ بطور کھلاڑی آپکو پتہ ہوتا ہے کہ آپ کتنے اچھے ہیں اور آپ کو ایسے کوچ کی ضرورت نہیں ہوتی جو بہت زیادہ تکنیکی ہو۔
شین وارن نے کہا کہ ان کی جان بکانن نے اچھی بنتی ہے لیکن وہ محسوس کرتے ہیں کہ کئی دفعہ کوچ بعض چیزوں کو غیر ضروری طور پر پیچدہ بنا دیتے ہیں اور وہ ان کے خیال میں جان بکانن میں سوجھ بوجھ کی کمی ہے۔
شین وارن کے بیان نے آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کو پریشان کر دیا ہے۔ رکی پونٹنگ نےجو ملیشیا میں سہ ملکی ٹورنامنٹ میں ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، کہا ہے کہ انہوں نے اور کوچ جان بکانن نے شین وارن سے ٹیلی فون پر بات چیت کرنے کی کوشش کی تھی لیکن ان کی بات نہیں ہو سکی ہے ۔ رکی پونٹنگ نے کہا کہ انہوں نے شین وارن کے ٹیلی فون پر اپنا پیغام ریکارڈ کر ا دیا ہے۔
رکی پونٹنگ نے کہا جب پچھلی دفعہ ان کی شین وارن سے بات چیت ہوئی تھی تو ان کو کوچ سے کوئی شکایت نہیں تھی اور وہ ٹیم میں مکمل ہم آہنگی چاہتے تھے۔
انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا آغاز 23 نومبر سے آسٹریلیا میں ہو رہا ہے جس میں آسٹریلیا ایک مرتبہ پھر یہ اعزاز انگلینڈ سے واپس لینے کی کوشش کرے گا۔