Tuesday, 12 September, 2006, 11:10 GMT 16:10 PST
فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر نے سیپ بلاٹر نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں فرانسیسی کھلاڑی زین الدین زیدان اور اٹلی کے کھلاڑی مارکو میتاراتزی کے درمیان ملاقات کرا کہ ان کا جھگڑا ختم کر دیں۔
فرانس کی فٹ بال ٹیم کے کپتان زیدان نے عالمی کپ کے فائل مقابلے کے اضافی وقت کے آخری لمحات میں میتاراتزی کے ساتھ تلخی کے بعد ان کے سینے میں ٹکر مار دی تھی۔ یہ مقابلہ اٹلی نے پنلٹی ککس پر جیت لیا تھا۔
بلاٹر نے کہا کہ وہ زیدان اورمیتاراتزی کی ملاقات کرانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ اس معاملہ کو ختم کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑی روبن جزیرے پر جاسکتے ہیں جہاں نیلسن منڈیلا نے اپنی قید کے ایام گزارے تھے۔
جنوبی افریقہ کے صدر نیلسن منڈیلا اٹھارہ سال تک روبن جزیرے پر قید رہے تھے۔
بلاٹر نے کہا کہ ان کو افسوس ہے کہ عالمی کپ کا فائنل ریڈ کارڈ پر ختم ہوا۔
زیدان کو اپنی زندگی کے آخری میچ میں میتاراتزی کو ٹکر مارنے پر میچ سے باہر نکال دیا گیا تھا۔ زیدان نے بعد میں کہا کہ میتاراتزی نے ان کی والدہ کی شان میں گستاخی کی تھی جس پر انہیں غصہ آ گیا تھا۔
لیکن میتاراتزی نے کہا کہ انہوں نے زیدان کی بہن کے بارے میں کچھ کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ زیدان کی قمض پکڑے ہوئے تھے جب زیدان نے ان سے کہا کہ اگر تمہیں یہ اتنی ہی پسند ہے تو میں میچ کے بعد تمہیں دے دوں گا۔ میتاراتزی کا کہنا ہے کہ انہوں نے جواباً کہا کہ وہ ان کی بہن کو ترجیح دیں گے۔
فیفا نے اس واقع کے بعدمیتاراتزی پر دو میچ کھیلنے کی پابندی لگا دی تھی جب کہ زیدان پر تین میچوں کی پابندی اور تین ہزار دو ساٹھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔