http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 06 September, 2006, 15:35 GMT 20:35 PST

آصف آئی سی سی ایورڈ کے لیے نامزد

پاکستان نے نوجوان میڈیم فاسٹ بولر محمد آصف سمیت پاکستان کے پانچ کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مختلف ایواڈز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

آئی سی سی ایوارڈ بھارت میں ہونے والی آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے دوران دیئے جائیں گے۔
سال کے بہترین کرکٹر کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیے جانے والے گیارہ کھلاڑیوں میں پاکستان کے نائب کپتان یونس خان اور محمد یوسف بھی شامل ہیں۔

سال کے بہترین کھلاڑی کے لیئے نامزد ہونے والے باقی کھلاڑیوں میں رکی پونٹنگ، شین وان، مرلی دھرن، مائیکل حسی، اینڈریو فلنٹاف، راہول ڈراوڈ، مہیلا جے وردھنے، مونٹی پانیسر، بریٹ لی اور مکھایا نیتنی شامل ہیں۔

محمد آصف کے علاوہ جن دوسرے کھلاڑیوں کو آئی آئی سی کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی کے لیئے نامزد کیا گیا ہے ان میں انگلینڈ کے مونٹی پنیسر، ایلسٹر کوک، اور این بیل ، ویسٹ انڈیز کے دھنیش رامدین، سری لنکا کے میلنگا بندارا، اور اوپال چندانا اور بنگلہ دیش کے شہریار نفیس۔

پاکستان کے کپتان انضمام الحق، نائب کپتان یونس خان اور محمد یوسف کو بہترین ٹیسٹ بیٹسمین کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ اس ایوارڈ کے لیئے دوسرے ملکوں سے گیارہ کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

ون ڈے کے بہترین کھلاڑی کے لیے نامزد کیے جانے والے اٹھارہ کھلاڑیوں میں پاکستان کے شاہد آفریدی ، انضمام الحق، اور محمد یوسف کے نام شامل ہیں۔

سال کے بہترین امپائر کے ایوارڈ کے تین امپائروں کو نامزد کیا گیا جن میں سائمن ٹیوفل، روڈی کورٹزن اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے علیم ڈار شامل ہیں۔