Friday, 25 August, 2006, 15:02 GMT 20:02 PST
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو میلکم سپیڈ نے انکشاف کیا ہے کہ امپائر ڈیرل ہیئر نے پانچ لاکھ ڈالر کے بدلے مستعفیٰ ہونے کی پیشکش کی تھی۔
لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو نے ڈیرل ہیئر کے اس خط کو افشا کیا جس میں انہوں اوول ٹیسٹ کے واقعے کے بعد پانچ لاکھ ڈالر کے بدلے مستعفیٰ ہونے کی پیشکش کی تھی۔
ہم کھیلیں گے |
آئی سی سی کے صدر پرسی سان نے کہا کہ آئی سی سی کے بورڈ کا اجلاس ستمبر کی دو تاریخ کو دوبئی میں طلب کر لیا گیا ہے جہاں بورڈ کے ارکان اس معاملے پر غور کریں گے۔
اس سے قبل چیف ایگزیکٹو میلکم سپیڈ نے کہا کہ یہ سارا مسئلہ کھیل کے دو سادہ سے معاملات کے گرد گھومتا ہے۔ اول یہ کہ کیا پاکستان کے کھلاڑیوں نے گیند کی حالت کو بدلا اور دوئم کیا پاکستانی ٹیم نے چائے کے وقفے کے بعد میدان میں نہ آ کر کرکٹ کے کھیل کو بدنام کیا ہے۔
آئی سی سی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ انہوں ڈیرل ہیئر کے خط کی تفصیلات وکلاء سے مشورہ کرنے کے بعد افشا کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کے مطابق خط کے مندرجات انضمام الحق کے خلاف لگائے الزامات سے متعلقہ ہیں اور ان کو اپنے دفاع کے لیے خط کے مندرجات تک رسائی ہونی چاہیے۔
میلکم سپیڈ نے کہا کہ میچ کے بعد ان کی ڈیرل ہیئر سے بات ہوئی تھی اور اس امکان پر بھی غور کیا گیا تھا کہ میچ کو اگلے روز شروع کیا جائے لیکن ڈیرل ہیئر اس پر رضامند نہیں ہوئے۔
میلکم سپیڈ نے کہا کہ میدان میں لیئے گئے امپائر کے فیصلے کو تبدیل کرنے کا اختیار کسی کے پاس نہیں ہے۔
میلکم سپیڈ نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ڈیرل ہیئر اس معاملے پر ایک بیان جاری کریں گے جس میں وہ اپنا موقف بیان کریں گے۔