Monday, 21 August, 2006, 11:40 GMT 16:40 PST
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ اوول ٹیسٹ کے تنازع کے باوجود پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
لیکن اس تمام بدمزگی اور تنازع کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکیوٹیو سلیم الطاف نے کہا ہے کہ جہاں تک انہیں پتہ ہے یہ دورہ جاری رہے گا اور ’ایک روزہ میچوں کا ٹیسٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پیر 28 اگست کو ایک 20/20 میچ کھیلا جانا ہے جس کے بعد پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
لیکن اس شیڈول اور سلیم الطاف کے بیان کے باوجود دورہ جاری رکھنے کا حتمی فیصلہ شائد آئی سی سی کے فیصلے کے بعد ہی ہو سکے گا۔
ادھر پاکستان ٹیم کے کوچ باب وولمر نے کہا ہے کہ انہیں افسوس ہے کہ برطانوی شائقین کو اوول میں آخری دن کا کھیل دیکھنے سے محروم ہونا پڑا ہے لیکن ’ٹیم کا خیال تھا کہ انہیں اپنا اصولی موقف واضح کرنے کی ضرورت تھی اور اس میں کوئی شک نہیں کہ ٹیم کا یہ موقف صحیح تھا۔ ہم نے چیٹنگ نہیں کی تھی لیکن اس بارے میں جج اور جیوری نے ہم سے رجوع کیے بغیر ہی فیصلہ کر لیا تھا۔‘
متنازع آسٹریلوی امپائر ڈیرل ہیئر نے میچ کے دوران گیند بدلنے اور انگلینڈ کو پانچ پینلٹی رنز دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
امپائر ڈیرل ہیئر کو روزہ سیریز کے لیے تقرر نہیں کیا گیا ہے تاہم کسی امپائر کے
نہ موجود ہونے کی صورت میں وہ ہی /سٹینڈ اِن‘ امپائر ہیں۔
انگلینڈ کے کرکٹ بورڈ اور سری کاؤنٹی نے شائقین کو اتوار کے ٹکٹوں کا چالیس فییصد حصہ اور پیر کے ٹکٹوں کی سو فیصد رقم واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔