http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 06 August, 2006, 10:18 GMT 15:18 PST

پاکستان کی انگلینڈ پر برتری

ہیڈنگلے ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام تک انگلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے تین رنز بنائے ہیں۔انگلینڈ کو پاکستان کی تیئیس رنز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید بیس رنز کی ضرورت ہے۔

تفصیلی سکور کارڈ
ہیڈنگلے ٹیسٹ کا تیسرا دن
ہیڈنگلے: دوسرا دن، تصاویر
اس سے پہلے پاکستان کی پوری ٹیم 538 رنز کر آؤٹ ہوگئی۔ایک موقعے پر پاکستان کا سکور صرف تین وکٹوں کے نقصان پر 447 رنز تھا لیکن پاکستان کی بقیہ سات کھلاڑی سکور میں صرف اکانوے کا اضافہ کر کے آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد یوسف اور یونس خان نے 363 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر پاکستان کی پوزیشن کو مستحکم بنا دیا۔

محمد یوسف نے اس سیریز میں اپنی دوسری ڈبل سنچری مکمل نہ کر سکے اور ایک سو بانوے رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ یونس خان 173 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

وکٹ کیپر کامران اکمل بیس رنز بنا کر ساجد محمود کا شکار بنے۔شاہد نذیر تیرا رنز سکور کر کے ناٹ آؤٹ رہے۔گیارہویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے دانش کنیریا نےجارجانہ انداز میں کھیلتے ہوئے اپنے کیریئر کا سب سے زیادہ سکور کیا۔ کنیریا نے ایک چھکے کی مدد سے انتیس رنز سکور کیے۔ محمد سمیع نے انیس اور عمر گل نے سات رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے مونٹی پانیسر سب سے کامیاب بولر رہے۔مونٹی نے سینتالیس اوروں میں ایک سو ستائیس رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ساجد محمود نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ سٹیو ہارمیسن، میتھیو ہوگارڈ اور پاول کولنگوڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سلمان بٹ اور یونس خان رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی ٹیم : انضمام الحق، یونس خان، محمد یوسف، سلمان بٹ، فیصل اقبال، کامران اکمل، توفیق عمر، شاہد نذیر، محمد سمیع، عمر گل، دانش کنیریا۔

انگلینڈ کی ٹیم: اینڈریو سٹراس، مارکس ٹریسکوتھک، الیسٹر کک، کیون پیٹرسن، این بیل، پال کالنگ وڈ، کرس ریڈ، سٹیو ہارمیسن، میتھیو ہوگارڈ، مونٹی پنیسر، ساجد محمود