Wednesday, 02 August, 2006, 17:16 GMT 22:16 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے سیکرٹری اخترالسلام کا کہنا ہے کہ سنہ 2008 کے اولمپکس میں بہترین ٹیم تشکیل دینے کے لیئے غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کرنے کا امکان ہے۔
اخترالسلام نے آج لاہور میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ہیڈ کواٹرز میں اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں اپنی ترجیہات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی از سر نو تشکیل دی جائے گی۔اخترالسلام نے کہا کہ ان کا اصل مقصد 2008 کے اولمپکس کے لیئے بہترین ٹیم بنانا ہے اور اس کے لیئے غیر ملکی کوچ بھی رکھا جا سکتا ہے۔
اخترالسلام نے کہا کہ پاکستان میں ہاکی کی ترقی کے لیئے بنیادی سطح پر کام کر کے کھلاڑیوں کی تعداد میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان ہاکی میں تیس پینتیس کھلاڑی ہیں جن میں سے ٹیم منتخب کی جاتی ہے۔ ان کی کوشش ہو گی کہ کھلاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ سولہ سال سے کم عمر کے کھلاڑیوں کے لیئے اکیڈمی قائم کی جائے گی اور ریجنل اکیڈمیاں بھی بنائی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ 20 اگست سے جرمنی میں ہونے والے چار ملکی ٹورنامنٹ اور اس کے فوراً بعد جرمنی ہی میں ہونے والے ہاکی کے عالمی کپ کے لیئے پاکستان کی ٹیم کا کیمپ کراچی میں چھ یا سات اگست کو لگایا جائے گا۔
پاکستان کی ٹیم کی صلاحیت کے متعلق نئے سیکریٹری نے کہا کہ یہ ٹیم دنیا کی پانچ بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے لیکن انہوں نے چمپئنز ٹرافی میں بہت بری کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اخترالسلام نے کہا کہ اس صورت میں عالمی کپ کے لیئے ٹیم سے بہت زیادہ توقعات نہیں رکھی جا سکتیں لیکن عالمی کپ میں پاکستان کا پول نسبتاً آسان ہے اور آغاز میں کمزور ٹیموں کے ساتھ کھیل کر پاکستان کی ٹیم کو سیٹ ہونے کا موقع مل جائے گا۔