http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 23 July, 2006, 11:40 GMT 16:40 PST

عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

ساؤتھ ایشین گیمز کے لیے باکسرز

ساؤتھ ایشین گیمز کے لیے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کی ایک مضبوط اسکواڈ تشکیل دینے کی کوشش کو اس وقت دھچکا پہنچا جب دو تجربہ کار باکسر شوکت علی اور مظفراقبال ٹیم میں جگہ نہیں بناسکے۔

دونوں باکسر حالیہ گرین ہل انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں حریف باکسرز کے ہاتھوں ناک تڑوانے کے بعد کچھ عرصہ رنگ سے باہر رہیں گے۔

ان دونوں باکسرز نے دوسال قبل اسلام آباد میں منعقدہ ساؤتھ ایشین گیمز میں طلائی تمغے جیتے تھے۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے کولمبو کے لیے جس دس رکنی باکسنگ اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے وہ نثار خان، نعمان کریم، عابدعلی، مہراللہ، اصغرعلی شاہ، فیصل کریم، درمحمد، اللہ بخش، تنویرشوکت اور میرواعظ پر مشتمل ہے۔

ان میں سے مہراللہ، نعمان کریم اور فیصل کریم دوسال قبل اسلام آباد میں ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز میں بھی طلائی تمغے حاصل کرچکے ہیں۔

پاکستانی باکسر اصغرعلی شاہ کے خیال میں گرین ہل انٹرنیشنل ٹورنامنٹ سے پاکستانی باکسرز کوساؤتھ ایشین گیمز کی تیاری میں مدد ملی ہے اور وہ کولمبو میں اسلام آباد جیسے نتائج دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستانی باکسرز کا ریکارڈ ہمیشہ متاثر کن رہا ہے۔2004 میں اسلام آباد میں منعقدہ کھیلوں میں پاکستان نے42 طلائی تمغے حاصل کیے تھے جن میں باکسنگ کے 10 گولڈ میڈلز قابل ذکر تھے۔