http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 22 July, 2006, 13:06 GMT 18:06 PST

پاکستان نے تین روزہ میچ جیت لیا

پاکستان نے دورۂ انگلینڈ کے دوران ایک سہ روزہ میچ میں نارتھمپٹن کاؤنٹی کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔

میچ کی خاص بات پاکستانی اوپنرز سلمان بٹ اور عمران فرحت کی شاندار بیٹنگ تھی۔ انگینڈ کے خلاف اگلے ہفتے دوسرے ٹیسٹ سے پہلے پاکستانی اوپنرز کی عمدہ کارکردگی انضمام الحق کے لیے یقیناً حوصلہ افزاء ہوگی۔

تفصیلی سکور کارڈ

سلمان بٹ اور عمران فرحت کی شراکت ایک سو اٹھارہ رنز کی رہی۔عمران فرحت نے دو چھکوں کی مدد سے چونسٹھ رنز بنائے اور عثمان افضال کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد سلمان بٹ کو بلال شفاعت نے اس وقت آؤٹ کیا جب پاکستان کو جیتنے کے لیے محض تین رنز درکار تھے۔

پاکستان کے لیے دوسری اچھی خبر یونس خان کا فٹ ہونا ہے جنہوں نے اس میچ کی آخری گیند کھیلی۔ یونس خان نے آٹھ رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کے دوسرے ٹور میچ میں نارتھمپٹن نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان نے نو وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنائے۔

دوسری اننگز میں پاکستانیوں بولروں کی شاندار کار کردگی کی وجہ سے نارتھمپٹن کی ٹیم صرف 140 رنز بنا پائی اور پاکستان نے 160 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔