Friday, 21 July, 2006, 23:20 GMT 04:20 PST
انگلینڈ کے کپتان اینڈریو فلنٹاف کے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں حصہ لینے کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔
اینڈریو فلنٹاف گھنٹے میں تکلیف کی وجہ سے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔ سری لنکا نہ ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کو پانچ صفر سے شکست دی تھی۔
انگلش سلیکٹرز کو امید تھی کہ اینڈریو فلنٹاف ستائیس جولائی سے اولڈ ٹریفورڈ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شامل ہو جائیں۔
اینڈریو فلنٹاف جو مکمل فٹنس حاصل کرنے کے لیے کاؤنٹی کرکٹ میں حصہ لے رہے جمعہ کے روز دوبارہ گھنٹے کی تکلیف مبتلا ہو گئے۔ وہ اس میچ میں صرف دو اوورز ہی کروا پائے۔
اینڈریو فلنٹاف کے زخم کی نوعیت کا صیح اندازہ ہفتے کو ہو گا جب وہ سپیشلسٹ سے ملیں گے۔
انگلینڈ پاکستان کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیل رہا ہے۔ لارڈز کے مقام پر ہونے والا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔
اینڈریو فلنٹاف کی غیر موجودگی میں اینڈریو سٹراس ٹیم کی قیادت کریں گے۔