Tuesday, 18 July, 2006, 08:08 GMT 13:08 PST
بین الاقوامی کرکٹ کونسل یعنی آئی سی سی نے سنہ دو ہزار سات میں ہونے والی ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کرکٹ چیمپیئن شپ میں ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی طرف سے شرکت کرنے کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس سے قبل 20 – 20 کرکٹ کی مخافت کی تھی۔
آئی سی سی کے صدر پرسی سون کا کہنا تھا کہ ’ کرکٹ کی دنیا کے لیئے بی سی سی آئی کا فیصلہ بہترین ہے کیوں اس سے ٹوئنٹی ٹوئنٹی افتتاحی چیمپئن شپ میں آئی سی سی کے سبھی ممبر حصہ لیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اب اس مقابلے میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم دنیا کی سب سے اچھی ٹیم کہلائے گی۔’ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ جہاں بھی کھیلی گئی اسے مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔‘
آئی سی سی نے یہ بھی اعلان کیا کہ اس چیمپئن شپ میں نہ صرف آئی سی سی کے دسوں ممبر شرکت کریں گے بلکہ دو لیڈنگ ایسوسی ایٹس بھی شامل ہوں گے۔ان ایسوسی ایٹس کے بارے میں فیصلہ جنوری میں کیا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی باڈی کے ممبران سے حمایت حاصل نہ ہونے کی وجہ سے آئی سی سی نے ہندوستان کو کھیل سے متعلق اپنا طریقہ اپنانے کی اجازت دے دی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 20- 20 ممالک میں شامل ہونے سے ہندوستان کو کافی فائدہ ملے گا۔
اس بارے میں ہندوستان کے سابق کھلاڑی سنیل ولسن کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی یہ نئی شکل دیکھنے والوں میں دلچسپی پیدا کرے گی۔ ’ہندوستان میں کرکٹ کی مقبولیت دیکھتے ہوئے یہ امید کی جا سکتی ہے کہ اس کا یہ روپ بھی کافی سراہا جائے گا۔‘
مسٹر ولسن کا کہنا تھا کہ چونکہ یہ کھیل شام کو بھی کھیلا جا سکتا ہے لہذا اسے دیکھنے کے لئے کافی لوگ آسکیں گے۔
ایک دوسرے سابق کرکٹر ویویک رازادن کے خیال میں انڈین ٹیم اس عالمی کپ کے لیئے پوری طرح تیا ر نہیں ہے لیکن انکا یہ بھی کہنا ہے کہ کم وقت میں کھیلے جانے والے کرکٹ کے اس نئے روپ کو کئی ممالک اپنا سکتے ہیں۔
اب تک اس عالمی کپ کے لیئے تاريخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔