Sunday, 16 July, 2006, 10:55 GMT 15:55 PST
پاک انگلینڈ سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر دو سو اٹھاون رن بنائے ہیں اور اسے پاکستان پر تین سو اکتالیس رن کی مجموعی برتری حاصل ہے۔
اس وقت لیام پلنکٹ اور میتھیو ہوگارڈ بیٹنگ کر رہے ہیں۔ انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ سکور کپتان اینڈریو سٹراس نے کیا جو ایک سو اٹھائیس رن پر آؤٹ ہوئے۔ دانش کنیریا نے تین، عمر گُل نے دو اور شاہد آفریدی نے ایک وکٹ لی۔
انگلینڈ کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی گرائنٹ جونز تھے۔ اس سے پہلے این بیل رن آؤٹ ہوئے۔ وہ انضمام الحق کی براہ راست تھرو کا نشانہ بنے۔ کالنگوڈ زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹھہر سکے۔ پائٹرسن شاہد آفریدی کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔ الیسٹر کک کو عمر گل کی گیند پرمحمد یوسف نے کیچ کیا۔ اس سے قبل مارکس ٹریسکاتھک عمرگل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ انہوں نے اٹھارہ رن بنائے۔
پاکستانی ٹیم محمد یوسف کی ڈبل سنچری کی بدولت اپنی پہلی اننگز میں چار سو پنتالیس رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد یوسف تھے جو 202 رن بنا کر ہارمیسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ چوتھے دن آؤٹ ہونے والے دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی سترہ جبکہ عمر گل بناء کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کو میتھیو ہوگارڈ نے آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے سٹیو ہارمیسن نے چار، ہوگارڈ نے تین، پلنکٹ نے دو جبکہ پیٹرسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں نو وکٹوں پر پانچ سو اٹھائیس رن بنا کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ انگلینڈ کی طرف سے سے سب سے زیادہ سکور پال کولنگوڈ نے بنایا تھا۔ وہ ایک سو چھیاسی رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ ایلسٹر کک اور این بیل نے بھی سنچریاں بنائیں۔
پاکستان کی ٹیم
انضمام الحق (کپتان)،عمران فرحت، سلمان بٹ، فیصل اقبال، محمد یوسف، شاہد آفریدی، عبد الرزاق، کامران اکمل (وکٹ کیپر)، محمد سمیع، دانش کنیریااور عمر گل۔
انگلینڈ کی ٹیم
اینڈریو سٹراوس (کپتان)، مائیکل ٹریسکوتھک، ایلسٹر کک، کیون پیٹرسن، آئن بیل، پال کولنگوڈ، گیرئنٹ جونز (وکٹ کیپر) لیئم پلنکٹ، میتھیو ہوگارڈ، سٹیو ہارمیسن اور مونٹی پنیسر۔
امپائر سٹیو بکنر، ایس ٹوفل