Monday, 03 July, 2006, 11:05 GMT 16:05 PST
سری لنکا کے جے سوریا اور اُپل تھرنگا نے انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز کے پانچویں ایک روزہ میچ میں پہلی وکٹ کی شراکت میں دو سو چھیاسی رن بنا کر ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کی تیسری بڑی شراکت بنائی۔
اس میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اووروں میں سات وکٹوں کے نقصان پر تین سو اکیس رن بنائے تھے۔ سری لنکا نے یہ ہدف سینتیس اووروں اور تین گیندوں پر پورا کر لیا۔
سری لنکا کے اوپنر جے سوریا نے ننانوے گیندوں پر ایک سو چھپن رن بنائے۔ انہوں نے بیس چوکے اور چار چھکے لگائے۔ ان کے ساتھی اووپنر اپل تھرنگا نے ایک سو دو گیندوں پر ایک چھکے اور چودہ چوکوں کی مدد سے ایک سو نو رن بنائے۔
سری لنکا نے پہلے دس اووروں میں ایک سو تینتیس رن بنائے۔
تھرنگا ٹیم کے کل سکور دو سو چھیاسی پر آؤٹ ہوئے۔ ٹیم کے سکور میں تین رن کے اضافے بعد جے سوریا بھی آؤٹ ہو گئے۔ سری لنکا نے بغیر کسی مزید نقصان کے مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔
انگلینڈ کے بالر سٹیو ہارمیسن کے دس اووروں میں ستانوے رن بنے جو انگلینڈ کے کسی بھی بالر کے دس اووروں میں بننے والا سب سے زیادہ سکور ہے۔
انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات مارکس ٹریسکاتھک کی سنچری تھی۔
ٹریسکاتھک کے علاوہ انگلینڈ کا کوئی کھلاڑی نصف سنچری بھی نہیں بنا سکا۔ ایلی سٹیر کُک اور وکرم سولنکی نے بالترتیب اکتالیس اور چوالیس رن بنائے۔