Sunday, 02 July, 2006, 10:08 GMT 15:08 PST
برازیل فٹبال ٹیم کے کوچ کارلوس البرٹو پریرا نے فرانس کے خلاف ایک صفر سے برازیل کی شکست کی ذمہ داری لے لی ہے۔
فٹبال عالمی کپ کے چوتھے کوارٹر فائنل میں فرانس نے برازیل کو ہرا کر سیمی فائنل سے باہر کردیا ہے۔ اس طرح پچھلے ورلڈ کپ کی فاتح جنوبی امریکہ کی یہ آخری ٹیم بھی ورلڈ کپ 2006 سے باہر ہوگئی ہے۔
پریرا نے کہا ’میں کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔ میں اپنا فرض صحیح طور پر نہیں نبھا سکا۔ میرا کام تھا ٹیم کو فائنل تک پہنچانا‘۔
انہوں نے کہا ’ہم نے اپنے آپ کو اس موقع کے لیئے تیار نہیں کیا تھا۔ یہ ہم سب کے لیئے ایک مشکل گھڑی ہے‘۔
پریرا نے فرانس کی ٹیم کی کارکردگی کی دل کھول کر تعریف کی۔ ’ہم نے بہت مضبوط ٹیم سے شکست کھائی ہے‘۔
ان کاکہنا تھا کہ سیمی فائنل میں جنوبی امریکہ کی کم از کم ایک ٹیم کو ضرور ہونا چاہیئے تھا۔ یہ ورلڈ فٹبال کے لیئے شرم کی بات ہے۔ ’ہم نے میچ میں کچھ غلطیاں کی تھیں جن کی سزا شکست کی صورت میں سامنے آئی ہے‘۔
’ہم اتنی جلدی شکست کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ ہینری اور زیڈان بہت خطرناک تھے‘۔
پریرا کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے کانٹریکٹ کی فکر نہیں ہے۔
رونالڈینو جو میچ میں صحیح کارکردگی نہیں دکھا سکے، ان کا کہنا تھا ’یہ ہمیشہ قابل افسوس ہوتا ہے جب ایک جیتنے کی عادی ٹیم ایسی شکست سے دوچار ہوتی ہے‘۔
’اب وقت آگیا ہے کہ مستقبل کے بارے میں سوچا جائے‘۔