http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 25 June, 2006, 04:02 GMT 09:02 PST

انگلینڈ کے تماشائیوں کو تنبیہ

جرمن پولیس نے انگلینڈ اور ایکواڈور کے درمیان فٹبال میچ سے قبل متنبہ کیا ہے سٹٹگارٹ میں ہنگامہ آرائی کا باعث بننے والے فٹبال شائقین کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

یہ اقدام ہفتہ کو سٹٹگارٹ میں 358 افراد کی گرفتاری کے بعد کیا گیا ہے۔ انگلینڈ اور جرمنی کی فٹبال ٹیموں کے حامی آپس میں لڑ پڑے تھے اور نتیجتاً شہر میں خاصی ہنگامہ آرائی رہی۔ گرفتار ہونے والوں میں زیادہ تعداد انگلینڈ کے فٹبال شائقین کی تھی۔

پولیس نے کہا ہے کہ گرفتار کیئے گئے افراد کو اگرچہ رہا کردیا گیا ہے تاہم شہر میں ان کا داخلہ پیر سے پہلے ممنوع ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چونکہ ان افراد نے میچ کے ٹکٹ خرید رکھے ہیں اس لیئے انہیں میچ دیکھنے کے لیئے سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی جوکہ شہر سے باہر واقع ہے۔

اتوار کا میچ دیکھنے کے لیئے انگلینڈ کےساٹھ ہزار تماشائیوں کی آمد متوقع ہے۔
انگلینڈ کے حمایتی سٹٹگارٹ کے سکوائر میں جمع تھے

انگلینڈ کے شائقین ارجنٹینا اور میکسیکو کا میچ دیکھنے کے لیئے سٹٹگارٹ کے سکوائر میں جمع ہوئے تھے اور وہاں ہی ایک چھوٹے سے گروہ نے دوسروں پر بوتلیں اور کرسیاں پھینکنا شروع کر دیں۔

جمعہ کی رات توڑ پھوڑ کرنے کے الزام میں سو سے زیادہ انگلینڈ کے تماشائی پہلے سے ہی زیر حراست تھے۔

جھڑپوں میں پانچ افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ انگلینڈ کے شائقین شراب کے شدید نشے میں تھے۔ ’ممکن ہے کہ دوسری جانب سے بھی انہیں مشتعل کیا گیا ہو۔ مثلاً جرمنی کے شائقین گا رہے تھے ’ہم برلن جارہے ہیں۔ انگلینڈ والو، تم گھر بیٹھو‘۔