Wednesday, 07 June, 2006, 22:33 GMT 03:33 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق شعیب اختر چار سے چھ ہفتے تک بالنگ نہیں کر سکتے لہزا دورہ انگلینڈ کے لیے ان کا پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ جانے کا امکان بالکل معدوم ہو گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب اختر کے سکین کی رپورٹ دوسری رائے لینے کے لیے جنوبی افریقہ بھجوائی تھی۔
بدھ کے روز پی سی بی کو جنوبی افریقہ کے طبی ماہر کی رپورٹ موصول ہوئی جس کے مطابق شعیب اختر کے بائیں ٹخنے میں پرانا سٹریس فریکچر ابھی بھی ٹھیک نہیں ہوا اس لیے انہیں چار سے چھ ہفتے تک بالنگ کروانے سے منع کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا ڈائریکٹر عباس زیدی کا کہنا ہے کہ شعیب اختر معمول کی ورزش کر سکتے ہیں دوڑ بھی سکتے ہیں لیکن اس سٹریس فریکچر کےباعث ان سے بالنگ کروانے کا خطرہ مول نہیں لیا جا سکتا۔
ادھرپاکستان کی ٹیم کا اعلان 8 جون کو متوقع ہے اور پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے چئر مین وسیم باری نے پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ یہ ٹیم صرف ٹیسٹ میچز کے لیے ہو گی اور ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم میں بعد ازاں تبدیلی کی جا سکے گی۔