Tuesday, 30 May, 2006, 08:11 GMT 13:11 PST
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اینڈریو فلنٹاف نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ میں سری لنکا کے بولر مرلی دھرن ان کی ٹیم کے لیئے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
انگلینڈ نے پچھلے ہفتے ایجبسٹن میں کھیلاگیا ٹیسٹ میچ جیت لیا تھا لیکن اس میچ میں مرلی دھرن نے دس وکٹ حاصل کیے تھے۔
فلنٹاف کا کہنا تھا کہ مرلی دھرن کے خلاف بیٹنگ کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ ’ان کے خلاف بیٹنگ زیادہ آسان نہیں ہوتی جاتی، ان کی ہرگیند بیٹسمین کے لیئے آزمائش ہے اور ان کی مسلسل یہ کوشش رہتی ہے کہ بیسٹمین کو شکست دیں۔‘
فلنٹاف کاؤنٹی کرکٹ میں مرلی دھرن کے ساتھ لنکاشائر کی ٹیم میں کھیل چکے ہیں اور وہ بتاتے ہیں کہ مرلی دھرن بولنگ میں ’ہمیشہ کوئی نیا تجربہ کرتے رہتے ہیں۔‘
مرلی دھرن صرف ایک سو پانچ ٹیسٹ میچ کھیل کر 624 ٹیسٹ وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔ شین وارن ان سے 61 وکٹ زیادہ حاصل کر چکے ہیں لیکن انہوں نے مرلی دھرن سے 35 ٹیسٹ میچ بھی زیادہ کھیلے ہیں۔
انگلینڈ اور سری لنکا کےدرمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جمعہ سے ٹرینٹ برِج میں کھیلا جائے گا۔ اینگلینڈ میں اس سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔