Thursday, 18 May, 2006, 13:36 GMT 18:36 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پندرہویں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے مطابق اٹھارہ سے پچیس جون تک کوالالمپور میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ انیس جون کو ہالینڈ کے خلاف کھیلےگی۔
پاکستانی ٹیم کو گروپ بی میں رکھاگیا ہے جس میں دیگر تین ٹیمیں ہالینڈ، نیوزی لینڈ اور ارجنٹائن ہیں۔ گروپ اے آسٹریلیا، بھارت، جنوبی کوریا اور میزبان ملائیشیا پر مشتمل ہے۔
پاکستانی ٹیم دوسرا میچ بیس جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ بائیس جون کو ہونے والے تیسرے میچ میں اس کا سامنا ارجنٹائن سے ہوگا۔
گزشتہ سال اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ آسٹریلیا نے جیتا تھا۔ فائنل میں اس نے جنوبی کوریا کو گولڈن گول کی بدولت شکست دی تھی۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرا کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ پاکستان کے شکیل عباسی ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پندرہویں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیئے بائیس مئی سے کراچی میں قومی کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔