Saturday, 13 May, 2006, 16:57 GMT 21:57 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین وسیم باری کا کہنا ہے کہ دورۂ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم اور دورۂ آسٹریلیا کے لیے پاکستان اے کے کیمپ کے کھلاڑیوں کا اعلان بدھ کو کیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس وسیم باری کی سربراہی میں ہفتے کے روز قذافی سٹیڈیم میں ہوا۔
اجلاس کے بعد وسیم باری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس سے پہلے انہوں نے پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان سے بھی رہنمائی حاصل کی اور اس اجلاس میں انہوں نے نوے فیصد معاملات طے کر لیئے ہیں جن میں کیمپ کا شیڈول اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ وغیرہ شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ 25 مئی سے لگایا جا رہا ہے جبکہ پاکستان اور پاکستان اے کے کیمپ الگ الگ لگائے جائیں گےاور دونوں کیمپوں میں کھلاڑیوں کی تعداد تقریبا پچیس پچیس ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ’کچھ کھلاڑی آج کل لیگ کھیل رہے ہیں اور ہم ان کی دستیابی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ان کاؤنٹیز کے ساتھ ان کے معاہدے بھی متاثر نہ ہوں، لہٰذا ہو سکتا ہے کہ یہ کھلاڑی تربیتی کیمپ میں شامل نہ ہو سکیں‘۔
وسیم باری نے فاسٹ بالر شعیب اخترکی کیمپ میں شمولیت کے بارے میں کہا کہ انہیں تربیتی کیمپ میں شامل کیا جائے گا جس کے دوران مکمل اندازہ ہو جائے گا کہ وہ کتنے فٹ ہیں۔
یوریشیا کپ میں پاکستان اے ٹیم کی فتح اور ٹیم کی آسٹریلیا کے دورے میں شمولیت کے بارے میں وسیم باری کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں حالات اور وکٹیں مختلف ہوں گی اور ٹیمیں بھی زیادہ مضبوط ہیں۔ وہاں انگلینڈ اے ٹیم بھی کھیل رہی ہے اور آسٹریلیا نے کافی مضبوط اے ٹیم کا انتخاب کیا ہے اس لیئے ہماری کوشش ہو گی کہ مضبوط اور متوازن اے ٹیم کا انتخاب کیا جائے۔
وسیم باری نے کہا کہ عالمی کپ 2007 سے پہلے ہماری ٹیموں کو مضبوط ٹیموں کے ساتھ کھیلنے سے کافی فائدہ ہوگا۔